افغانستان میں امر یکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد مستعفی 

کابل: افغانستان کے لیے امریکا کے خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان سے امن معاہدے کے ذریعے امریکی فوج کے دو دہائی بعد افغانستان سے انخلا کو یقینی بنانے والے امریکا کے خصوصی مندوب برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے استعفیٰ دیدیا۔

تین سال تک اس اہم عہدے پر براجمان رہنے والے زلمے خلیل زاد کے استعفے کی وجوہات سامنے نہیں آسکی ہیں۔ 

امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے مستعفی ہونے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا۔

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے میڈیا کو بتایا کہ زلمے خلیل زاد کے مستعفی ہونے پر خالی ہونے والے عہدے پر ان کے نائب ٹامس ویسٹ کو عبوری طور پر تعینات کیاجائے گا۔

امریکی حکومت کے امور کے ماہرین کے مطابق منجھے ہوئے سفارت کار خلیل زاد کو افغانستان پر طالبان کے قبضے اور انھیں سخت گیری سے روکنے میں ناکامی پر دبا ؤ اور تنقید کا سامنا تھا۔