باجوڑ، ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں 4سکیورٹی اہلکار شہید

باجوڑ: باجوڑ میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں چار سکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔

 پولیس ذرائع کے مطابق بدھ کے شام چھ بجکر پندرہ منٹ پر ضلع باجوڑ کی تحصیل وڑ ماموند کے علاقہ تیر بانڈگئی میں پولیس فورس اور ایف سی کی موبائل کے قریب اس وقت دھماکہ ہوا جب وہ اس سے قبل ہونیوالے ایک اور بم دھماکہ کی تحقیقات کیلئے جارہے تھے کہ ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کے نتیجے چار اہلکار شہید ہوگئے جس میں دو پولیس اور دو ایف سی اہلکار شامل ہیں۔

 شہید ہونیوالوں میں پولیس ڈرائیور صمد خان، پولیس کانسٹیبل نور رحمان، ایف سی کے اہلکار جمشید اور مدثر شامل ہیں۔

 واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز اور پولیس نے سرچ آپریشن شروع کردیاہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صمد خان ہسپتال پہنچ گئے انہوں نے کہا کہ پولیس اور سکیورٹی فورسز نے سرچ اپریشن شروع کردیا ہے۔ 

یادرہے کہ اس سے قبل سہ پہر ساڑھے چار بجے ایک اور بم دھماکہ سویلین گاڑی کے قریب ہوا تھا جس میں دوافراد زخمی ہوگئے تھے جن میں گل محمد اور محمد نورڈرائیور شامل ہیں۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے باجوڑ کے علاقہ وڑ ماموند میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے میں پولیس اور ایف سی کے چار اہلکاروں کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

 اپنے تعزیتی بیان میں وزیر اعلیٰ نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و امان کے لئے سکیورٹی اہلکاروں نے لازوال قربانیاں دی ہیں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔

شہید پولیس اہلکاروں کی نمازجنازہ پولیس لائن سول کالونی خار میں ادا کی گئیں اورانہیں پولیس فورس کے چاق وچوبند دستے نے سلامی پیش کی۔