وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ڈی جی آئی ایس آئی و اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ اہم دورے پر کابل پہنچ گئے۔ افغانستان کے دورے کے دوران شاہ محمود قریشی عبوری وزیراعظم ملا حسن آخوند اور امیرخان متقی و دیگر سےملاقات کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ایک روزہ دورےپرکابل پہنچ گئے ، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید ، چیئرمین پی آئی اے،نادرا،ایف بی آر،وزارت خارجہ کے افسران بھی ان کے ہمراہ ہیں۔
ہوائی اڈےپرافغانستان کےعبوری وزیرخارجہ امیرخان متقی نے شاہ محمود قریشی کا استقبال کیا، اس موقع پر پاکستانی سفیر،وزارت خارجہ افغانستان کےحکام بھی موجود تھے۔
دورے کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی عبوری وزیراعظم ملا حسن آخوند،امیرخان متقی و دیگر سےملاقات کریں گے ، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات،تجارت میں تعاون بڑھانےپرغورکیاجائےگا۔
وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی دیگر افغان قائدین سےبھی ملاقاتیں کریں گے، جس میں افغان قائدین کو پاکستان کےنقطہ نظر سے آگاہ کریں گے۔
اس موقع پر شاہ محمودقریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان علاقائی امن،استحکام کیلئےکاوشیں بروئےکارلارہاہے، پاکستان نےافغانستان سے بارڈر کراسنگ پوائنٹس میں اضافہ کیا۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان نےسفری سہولت کےلیےنئی ویزہ رجیم متعارف کرائی، ہم افغانستان سےتجارت کےفروغ کیلئے کوشاں ہیں، کارگوکی آمدو رفت میں سہولت کی فراہمی کیلئےکوشاں ہیں۔