پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں 15 دسمبر کو بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ کرلیا جو دو مراحل میں کرائے جائیں گے۔
محکمہ بلدیات خیبرپختونخوا کی جانب سے سیکرٹری الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ صوبائی حکومت بلدیاتی اداروں کی مدت مکمل ہونے پر انتخابات وقت پر کرانا چاہتی تھی تاہم کورونا وبا، فاٹا انضمام، حد بندی اور مغربی سرحدوں پر امن وامان کے مسائل کے باعث بلدیاتی انتخابات کرانے میں تاخیر ہوئی۔
خط کے مطابق الیکشن کمیشن کو انتخابی شیڈول دیا گیا ہے جس کے مطابق بلدیاتی انتخابات 2 مراحل میں کرائے جائیں گے، پہلے مرحلے میں 15 دسمبر کو ویلج اور نیبرہوڈ کونسل کے انتخابات ہوں گے، دوسرے مرحلے میں اگلے سال 25 مارچ کو چیئرمین تحصیل گورنمنٹ کے انتخابات کرائے جائیں گے۔
خط میں الیکشن کمیشن سے کہا گیا کہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے انتظامات یقینی بنائے جائیں اور انتخابات کا انعقاد شفاف، منصفانہ اور قانون کے مطابق یقینی بنایا جائے۔
صوبائی حکومت کے ترجمان کامران بنگش کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت بلدیاتی انتخابات کرانے کے لیے تیار ہے، اس حوالے سے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا گیا ہے، دسمبر میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ممکن بنائیں گے۔