دمشق: شام میں جنگلات کو آگ لگانے کے جُرم میں 24 افراد کو پھانسی دے دی گئی۔
الجزیرہ کے مطابق شام کی وزارت انصاف نے جنگلات میں آگ لگانے والے مجرموں کو انفرا اسٹرکچر اور پبلک پراپرٹی کو نقصان کا مورد الزام ٹہراتے ہوئے پھانسی دے دی ہے۔
ریاستی میڈیا میں شایع ہونے والے وزارت انصاف کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ملزمان پر ’ ریاست کے انفرا اسٹرکچر، عوامی اور نجی پراپرٹی کو نقصان پہنچانے اور قتل کرنے کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ جس کے نتیجے میں ہزاروں ایکٹر پر پھیلے جنگلات اور تین افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ تاہم پھانسی کی سزا پانے والے ملزمان کی شناخت اور پھانسی کے مقام کی تفصیلات ابھی تک ظاہر نہیں کی گئی ہیں۔
اگرچہ جنگ زدہ علاقے شام میں پھانسی عام ہے لیکن 24 افراد کو دی جانے والی پھانسی معمول سے ہٹ کر ہے، شام میں ایک دہائی سے جاری مسلح تصادم کے نتیجے میں اب تک ہزاروں افراد ہلاک اورملک کی نصف سے زائد آبادی بے گھر ہوچکی ہے۔
عدالت نے دیگر 11 ملزمان کو بامشقت عمر قید، چار ملزمان کو عارضی تعزیری سزا، اور 5 کم عمر ملزمان کو یکساں فرد جُرم کے ساتھ 10 سے 20 سال قید کی سزا سنائی ہے۔
وزارت انصاف کے مطابق ملزمان نے اعتراف جرم کرتے ہوئے گزشتہ سال ستمبر تا اکتوبر کے درمیان ملک کے تین صوبوں لاذقیہ، طرطوس اور حمص کے مختلف جنگلات میں آگ لگانے اعتراف کیا تھا۔