خیبرپختونخوا، 2مرحلوں میں بلدیاتی الیکشن کرانے کا شیڈول جاری 

پشاور: الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں 2 مرحلوں میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا شیڈول جاری کردیا۔

 پہلے مرحلے میں 19 دسمبر کو صوبے کے 17 اضلاع‘ ویلج‘ نیبرہوڈ اورتحصیل کونسل کے انتخابات ایک ہی دن کرائے جائیں گے۔

 دوسرے مرحلے میں 16 جنوری 2022ء کو دیگر 18 اضلاع میں ویلج نیبر ہوڈ اورتحصیل کونسل کے انتخابات کرانے کا اعلان کیا گیا تاکہ صوبہ میں فوری لوکل گورنمنٹس کو فعال کیا جاسکے اور اختیارات کی نچلی سطح پر عوام کے نمائندوں کو منتقل ہوسکیں۔ 

جمعرات کو چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں الیکشن کمیشن ممبران کے علاوہ الیکشن کمیشن کے سینئر افسران شریک ہوئے۔

الیکشن کمیشن کو بریف کیا گیا کہ مورخہ 14اکتوبر کو الیکشن کمیشن کی میٹنگ میں صوبائی وزیر خوراک خیبر پختونخوا محمد عاطف خان، چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز، ایڈوکیٹ جنرل اورسیکرٹری لوکل گورنمنٹ شریک ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ صوبائی حکومت ویلج کونسلوں /نیبر ہوڈ کونسلوں کے لئے پہلے مرحلے کے انتخابات دسمبر 2021میں کروانا چاہتی ہے۔ جبکہ ویلج کونسلوں /نیبر ہوڈ کونسلوں کے انتخابات مئی 2022میں کروانا چاہتی ہے تحصیل کونسلوں کے انتخابات کے لئے مشاورت بعد میں کی جائے گی۔

 الیکشن کمیشن نے اس بات سے اتفاق کیا کہ پہلے مرحلے میں انتخابات دسمبر 2021میں ہوں گے لیکن تحصیل کونسلوں کے انتخابا ت بھی اسی دن ساتھ ہی ہونگے تاکہ جن اضلاع میں الیکشن کاانعقاد ہو تو انکی تمام لوکل گورنمنٹس فنکشنل ہوں اور الیکشن کمیشن کو ایک ہی علاقے میں دو دفعہ الیکشن نہ کروانے پڑیں۔

 الیکشن کمیشن نے واضح کیا تھا کہ مذکورہ بالا اجلاس کے بعد الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخ کا حکم جاری کریگاکیونکہ مشاورت کا عمل مکمل ہو چکا ہے تاہم صوبائی حکومت اگر مزیدفیڈبیک دینا چاہتی ہے تو سات دن کے اندر ایسا کرلے۔

الیکشن کمیشن کو مزید بتایا گیا کہ اب صوبائی حکومت خیبر پختونخواہنے 21اکتوبرکو بذریعہ خط الیکشن کمیشن سے درخواست کی ہے کہ پہلے مرحلے میں صوبہ خیبر پختونخوا میں ویلج اور نیبر ہوڈ کونسلوں کے انتخابات امسال 15دسمبر کو کروائے جائیں اور دوسرے مرحلہ میں چیئرمین تحصیل کونسل کے انتخابات مورخہ 15مارچ 2022کو کروائے جائیں۔میٹنگ کے دوران الیکشن کمیشن کو بتایا گیا کہ صوبہ میں لوکل حکومتوں کی معیاد 28اگست 2019کو ختم ہوگئی تھی۔

 آبادی کی سرکاری اعداد وشمار کی اشاعت کے علاوہ کرونا وبااور صوبہ میں امن وامان کی خراب صورت حال کے پیش نظر ابھی تک الیکشن نہ ہوسکے۔

الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ الیکشنز ایکٹ کی دفعہ (4) 219کے تحت لوکل حکومتوں کی معیاد ختم ہونے کے بعد الیکشن کمیشن نے 120دن میں الیکشن کا انعقاد یقینی بنانا ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ آبادی کے اعدادوشمار بھی 6مئی 2021کو شائع ہو چکے ہیں۔ لہذا کوئی وجہ نہیں ہے کہ صوبہ میں الیکشن نہ کروائے جائیں۔

 الیکشن کمیشن نے حکم دیا کہ صوبائی حکومت کی تجویز کردہ تاریخ 15دسمبر 2021کے مطابق جن 17اضلاع میں صوبائی حکومت نے الیکشن کمیشن سے مورخہ 14اکتوبر 2021کو درخواست کی تھی کہ پہلے مرحلہ میں ان اضلاع میں ویلج و نیبر ہوڈ کونسلوں کے انتخابات کروائے جائیں تو صوبائی حکومت کی سفارشات کی روشنی میں امسال 19دسمبر کو صوبہ میں پہلے مرحلے کے انتخابات کا شیڈول الیکشن کمیشن جاری کررہا ہے جس کے مطابق ویلج /نیبر ہوڈ اور تحصیل کونسل کے انتخابات ایک ہی دن ہونگے۔

 اسی طرح آئندہ سال 16جنوری کو بقیہ اضلاع کے انتخابات کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ صوبہ میں فوری لوکل گورنمنٹس کو فنکشنل کیا جائے اور اختیارات نچلی سطح پر عوامی نمائندوں کو منتقل کئے جائیں۔