چین میں بچوں پر سکول کے ہوم ورک کا دباؤ کم کرنے کا قانون منظور کرلیا گیا۔
چین کی نیشنل پیپلزکانگریس کی قائمہ کمیٹی نے بچوں کو زیادہ ہوم ورک نہ دینے کا قانون منظور کیا۔
قانون کے مطابق بچوں کو زیادہ ہوم ورک اور نصاب سے زیادہ سبق دینے پر پابندی ہوگی۔
نئے قانون کے تحت والدین کو بچوں کی تعلیم، تفریح اور آرام کا وقت مقرر کرنا ہوگا اور بچوں کو انٹرنیٹ کا عادی ہونے سے بچانے کیلئے جسمانی سرگرمیاں کروانی ہوں گی۔
چینی میڈیا کے مطابق بچوں کے آن لائن گیمز ایک ہفتے میں تین گھنٹے سے زیادہ کھیلنے پر بھی پابندی لگائی گئی ہے اور پرائیوٹ ٹیوشن کمپنیوں کو بھی نان پرافٹ کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
قانون میں کہا گیا ہے کہ بچوں کے والدین یا ان کے سرپرست خاندان کے افراد کی تعلیم کے ذمہ دار ہوں گے جبکہ ریاست، سکول اور معاشرہ خاندانی تعلیم کیلئے رہنمائی، مدد اور خدمات فراہم کریں گے۔
بچوں کی تعلیم سے متعلق قانون پر یکم جنوری 2022 سے اطلاق ہوگا۔
خیال رہے کہ چین میں حکومت نے حالیہ دنوں میں بچوں کی نشوونما کو نقصان پہنچانے والی سرگرمیوں پر قابو پانے کے متعدد اقدامات کیے ہیں۔