روس میں کوروناسے1074اموات، ایک ہفتے کیلئے لاک ڈاؤن کا فیصلہ

ماسکو:روس میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کورونا سے 1ہزار 75اموات ہوئیں جس کے باعث ملک بھر میں ایک ہفتے کے لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روس میں کورونا کی صورت حال بے قابو ہوتی جارہی ہے، مسلسل پانچویں روز بھی اس مہلک مرض سے ریکارڈ اموات ہوئیں جبکہ گزشتہ 24گھنٹوں میں کورونا کے 37 ہزار 678 نئے کیسز نے بھی خطرے کی گھنٹی بجادی۔

اس صورت حال پر قابو پانے کے لیے جس کے بعد ملک بھر میں ایک ہفتے کے لیے کام بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کا اطلاق یکم نومبر سے ہوگا تاہم فوری طور پر دارالحکومت ماسکو میں جزوی لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے۔

ماسکو میں جزوی لاک ڈاؤن کے دوران صرف اشیائے ضروریہ کی دکانیں اور میڈیکل اسٹورز کھلے رکھنے کی اجازت ہوگی جبکہ خریداری کے لیے گھر سے صرف ایک شخص کو باہر نکلنے کی اجازت ہوگی۔

 خیال رہے کہ روس میں اب تک صرف 36 فیصد آبادی کی کورونا ویکسینیشن ہوسکی ہے جس کے باعث ملک بھر میں کورونا ویکسین لگانے کی مہم میں تیزی لانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔