دونوں ہاتھوں اور پاؤں سے معذور شامی بچے کی تصویر نے عالمی مقابلہ جیت لیا 

پشاور:شام میں بشار الاسد کے ہاتھوں معذور ہونے و الے باپ بیٹے کی دل دہلانے والی تصویر نے عالمی مقابلہ میں اول پوزیشن حاصل کرلی۔

سینا انٹرنیشنل فوٹوایوارڈبرائے 2021ء کے لیے ترک فوٹوگرافر محمداسلان کی ترکی کے شہر رہانلی میں واقع شامی مہاجرکیمپ میں لی گئی معذور باپ بیٹے کی تصویر نے پوری دنیا کو ہلا ڈالتے ہوئے مقابلہ میں اولین پوزیشن حاصل کی۔

تصویر کو ”دکھ زندگی کے“کاعنوان دیاگیاتھا یہ تصویر شام کے شہر ادلب سے تعلق رکھنے والے منذر اور ان کے بیٹے مصطفیٰ کی ہے۔

شام کی خانہ جنگی کے دوران شامی حکومت نے بے درد ی کے ساتھ شہری علاقوں پر بمبار ی کرکے لاکھوں شہریوں کو شہید اور لاکھوں کو معذور کردیاتھا منذر بھی اسی خانہ جنگی کے دوران ادلب میں بمباری کے نتیجہ میں ایک ٹانگ سے معذور ہوگئے تھے۔

 جبکہ ان کی بیوی شامی فوج کی طرف سے کیے جانے والے اعصابی گیس کے حملہ میں شدید متاثر ہوئی تھیں جنہوں نے بعدازاں مصطفی کو جنم دیا جو زہریلی گیس سے شدید متاثر ہونے باعث پیدائش سے قبل ہی ٹانگو ں اور ہاتھوں سے محروم ہوچکاتھا۔

ترک فوٹو گرافر کے مطابق یہ تصویر دونوں باپ بیٹے کی حیران کن محبت کی عکاسی کرتی ہے تصویر اس وقت سوشل میڈیا پر تیزی سے وائر ل ہوتی جارہی ہے