سوڈان میں فوجی بغاوت، وزیراعظم و وزراء گرفتار

سوڈان میں فوجی بغاوت کے بعد وزیراعظم کو گھر میں نظر بند کردیا گیا جبکہ وزراء کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جس کی تصدیق سوڈان کی وزارت اطلاعات نے بھی کردی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق سوڈانی فوج نے وزیراعظم عبداللہ حمدوک کو نظر بند کرکے نامعلوم مقام منتقل کردیا ہے۔ سوڈانی فوج نے کابینہ کے متعدد ارکان کو حراست میں لے لیا جبکہ خرطوم کے گورنر اور دیگر حکام کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سوڈانی وزیر اطلاعات نے اے ایف پی سے گفتگو میں تصدیق کی کہ وزیراعظم کے میڈیا ایڈوائزر، ملک کی سلامتی کونسل کے ترجمان اور دیگرحکام کو گرفتار کیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سوڈان میں فوجی بغاوت کے بعد انٹرنیٹ سروس بھی معطل کیے جانے کی اطلاعات ہیں اور ملک میں صرف 34 فیصد تک انٹرنیٹ سروس بحال ہیں۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ فوج کی جانب سے شہریوں کو گھروں سے باہر نہ آنے کی ہدایت کی گئی ہے تاہم فوجی بغاوت کے بعد بعض شہروں میں عوام کی بڑی تعداد نے قومی پرچم کے ساتھ احتجاج کیا جب کہ دارالحکومت خرطوم میں احتجاجی مظاہرین نے ٹائر جلا کر سڑکیں بلاک کردیں۔