وزیراعظم عمران خان کا چینی صدر سے رابطہ،دورہ پاکستان کی دعوت

وزیراعظم عمران خان اور چین کے صدر شی جن پنگ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں وزیراعظم عمران خان نے چینی صدر کو کمیونسٹ پارٹی کی صد سالا تقریبات پر مبارکباد دی۔

وزیراعظم آفس کے مطابق عمران خان اور شی جن پنگ میں علاقائی اوربین الاقوامی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا اور پاک چین اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کے تمام پہلوؤں کاجائزہ لیا گیا جبکہ وزیراعظم نے غربت کےخاتمےکی جنگ میں بے مثال فتح، اصلاحات اور چین کی شاندار ترقی کوسراہا۔

اعلامیہ کے مطابق  دونوں رہنماؤں نے پاک چین دوستی کے 70 سال مکمل ہونے پر ایک دوسرے کو مبارکباد دی بھی دی، ٹیلی فونک گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ امور اور شرکت داری کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا جب کہ وزیراعظم عمران خان نے کورونا کے خلاف چین کے اقدامات کی تعریف کی اور چین کی جانب سے ترقی پذیر ممالک کے لئے انسداد کورونا امداد کو سراہا۔

ٹیلی فونک گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے باہمی اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا جب کہ سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل سےمتعلق بھی خصوصی بات چیت کی گئی، وزیراعظم نے سی پیک کے اقتصادی زون میں چینی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا۔

دونوں رہنماؤں نے افغانستان کی تازہ صورتحال پر بھی بات چیت کی، اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ افغان عوام کو معاشی مسائل سے نکالنے کے لیے دنیا کردار ادا کرے، افغانستان کو انسانی بحران سے بچانے کے لیے مدد کرنی ہوگی۔

وزیراعظم نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کےلیے چینی اقدام کو سراہا جب کہ دونوں رہنماؤں میں مختلف شعبوں میں پاک چین تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق بھی کیا، اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان نے چینی صدر کو جلد دورہ پاکستان کی دعوت دی۔