اسلام آباد:سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ کو چیئرمین اوگرا مسرور خان نے آگاہ کیا ہے کہ آئندہ 5ماہ تک ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھیں گی۔مارچ کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہوں گی۔
قائمہ کمیٹی نے چیئرمین اوگرا کی بریفنگ مسترد کرتے ہوئے آئندہ اجلاس میں کمپنیوں کا مارجن اورپٹرول ڈیزل پر فی لیٹر اخراجات کی تفصیلات مانگ لیں۔
کمیٹی ارکان نے پٹرولیم مصنوعات اور گیس کی قیمتوں میں اضافے پرشدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کم قیمت پر منگوا کر مہنگی فروخت ہو رہی ہیں۔
ملک میں 22 دن کی پٹرولیم مصنوعات ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہے تو مہینے میں 2 مرتبہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کیوں بڑھیں؟
پوری قوم رل گئی،اوگرا مافیاز کا سہولت کار بنا بیٹھا ہے، ایل این جی کی قیمت سال کیلئے لاک ہوتی ہے، ملک میں گیس کی قیمت سال میں دو مرتبہ کیسے بڑھ سکتی ہے، جب ایل این جی سستی تھی آرڈر بک کیوں نہیں کرایا۔
بدھ کوپارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں سینیٹر رانا مقبول احمد کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ کا اجلاس ہوا۔
کمیٹی نے ارکان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے پر اظہار تشویش کیا۔