حیات آباد میں پولیس مقابلے میں ایک مبینہ رہزن ہلاک جبکہ دوسرا فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس کے مطابق شہریوں سے اسلحہ کی نوک پر موبائل فونز اور دیگر قیمتی اشیا چھیننے والے ایک ملزم کو پولیس مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے بعد میں چل بسا۔
گرفتار ملزم اپنے ساتھی کے ہمراہ پی ڈی اے بلڈنگ کے قریب شہری سے موبائل فون چھیننے کے بعد بشارت مارکیٹ فیز تھری میں بھی ایک اور شہری سے موبائل فون چھین کر فرار ہو رہا تھا کہ قریب موجود سٹی پٹرولنگ ٹیم نے ملزمان کا تعاقب شروع کردیا۔
پولیس کے مطابق اس دوران ملزمان نے قریبی گلیوں میں موٹر سائیکل چھوڑ کر پولیس ٹیم پر فائرنگ شروع کردی جس کے بعد حیات آباد پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور جوابی فائرنگ کے دوران ایک ملزم گولی لگنے سے زخمی ہوگیا تھا۔ ہلاک ملزم کی شناخت سلیم کے نام سے ہوئی ہے جب کہ موقع سے دوسرا ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل اور چھینے گئے تین عدد موبائل فون برآمد کر کئے ۔