خیبرپختونخوا کے طلبہ نے دنیا بھر میں اپنا لوہا منوایا، صدر مملکت 

پشاور:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں انسانی وسائل بالخصوص صحت کے شعبے میں جو ترقی ہوئی ہے وہ دیگر صوبوں کیلئے بھی قابل تقلید ہے،یہاں کے طلبا نے طبی میدان میں اپنی قابلیت کالوہا نہ صرف اندرون ملک بلکہ بیرون ملک بھی منوایا ہے جو پورے ملک کے لیئے اعزاز کی بات ہے۔

انہوں نے ان خیالات کااظہار خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور کی پندرہ سالہ کارکردگی اور خدمات کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ہے۔

 اس موقع پر گورنر خیبر پختون خوا شاہ فرمان،صوبائی وزیر صحت وخزانہ تیمور سلیم جھگڑا‘ وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر ضیا الحق اور رجسٹرار پروفیسر داکٹر محمد سلیم گنڈاپور کے علاوہ یونیورسٹی کے تینوں سابق وائس چانسلرز،ڈینز،مختلف اداروں کے سربراہان، فیکلٹی،ایڈمن سٹاف اور طلبا وطالبات کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ڈاکٹرزکو اِنسانی ہمدردی کے جذبے کے تحت لوگوں کی خدمت کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی سطح پر مناسب منصوبہ بندی اور بہتر طرز حکمرانی کے فقدان کے باعث70 اور 80 کی دہائیوں میں قیمتی انسانی سرمایہ اور وسائل پاکستان سے باہر منتقل ہوئے جس کا خمیازہ پوری قوم کو معاشی نقصان کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں میں بے پناہ مسائل کی صورت میں بھگتنا پڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اعلی تعلیم یافتہ اور ہندمند افراد کی ضرورت ہے، ہمیں باہنر اور تعلیم یافتہ انسانی وسائل ملک کے اندر ہی استعمال کرنے چاہئیں البتہ ہماری اپنی ملکی ضروریات پوری ہونے کے بعد ان وسائل کو بیرون ملک بھیجنے میں کوئی مضائقہ نہیں ہوگا۔

صدر مملکت نے کہا کہ طب ایک باوقاراور مقدس پیشہ ہے اور اسے محض کمائی کا ذریعہ بنانااس پیشے کی توہین اور ناانصافی ہے۔ٹیلی ایجوکیشن اور ٹیلی میڈیسن کو ماضی میں نظر انداز کیا گیا لیکن کورونا کے دوران ان شعبوں کی اہمیت مزید ابھر کر سامنے آئی ہے،ترقی یافتہ حتی کہ بعض ترقی پذیرممالک میں بھی ٹیلی ایجوکیشن اور ٹیلی میڈیسن کے ذریعے بہترین تدریسی اور طبی خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔

صدر مملکت کاکہنا تھا کہ تعلیم اور علم کا وسیع ذخیرہ آن لائن پلیٹ فارمز پر موجود ہے البتہ ضرورت اس سے استفادے کی ہے جس کے لیئے ہمیں ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں علاج سے ذیادہ توجہ بیماریوں سے بروقت بچا اور امراض کے تدارک پر مرکوز کرنی چاہیے،پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک میں امراض سے بچاؤ کی حکمت عملی اپنانے کے انتہائی مفید اور دور رس نتائج سامنے آ سکتے ہیں جس سے نہ صرف شعبہ صحت پر بوجھ کم کیا جا سکتا ہے بلکہ اس سے کثیر ملکی وسائل کی بچت بھی ممکن ہے۔

تقریب سے گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے بھی خطاب کیا جب کہ یونیورسٹی پہنچنے پر صدر مملکت نے لان میں پودالگانے کے علاوہ اکیڈیمک بلاک کاافتتاح کیااور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیا الحق نے ان کے سامنے یونیورسٹی کی گزشتہ پندرہ سالہ کارکردگی اور خدمات کی تفصیل پیش کی۔