وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کرپٹ اہلکاروں کو عہدوں سے ہٹانے کا حکم

 پشاور: وزیر اعلیٰ محمود خان نے بعض سرکاری محکموں میں نچلی سطح پر بدعنوانیوں کی شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے بدعنوانی کے خاتمے اور گورننس کی بہتری کے لئے بڑا فیصلہ کرلیا۔

پیر کووزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت مختلف صوبائی محکموں کا اجلاس ہوا جس میں متعلقہ صوبائی وزرا اور انتظامی سیکرٹریوں نے شرکت کی۔

وزیراعلیٰ نے گورننس کی موجودہ صورتحال خصوصا ًضم اضلاع کی صورتحال پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ صوبائی وزرا اور سیکرٹریوں کو مبینہ طور پر بدعنوانیوں اور بے ضابطگیوں میں ملوث سرکاری افسران اور اہلکاروں کی لسٹیں فوری مرتب کرنے کی ہدایت کی۔

محمود خان نے مالی بے ضابطگیوں میں ملوث اہلکاروں کو عہدوں سے ہٹانے کے لئے ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا کہ منفی شہرت کے حامل تمام ضلعی سربراہان اور دیگر تمام اہلکاروں کو فوری طور پر عہدوں سے ہٹایا جائے، مبینہ طور پر بدعنوانی اور مالی بے ضابطگیوں میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کے لئے خفیہ اداروں سے معلومات حاصل کی جائیں۔ 

سرکاری محکموں میں بدعنوان عناصر کو ملازمتوں سے فی الفور فارغ کرنے کے لئے متعلقہ قوانین میں ضروری ترامیم کی جائیں۔

وزیر اعلیٰ نے بدعنوان عناصر کے خلاف کارروائی کے لئے متعلقہ وزرا اور سیکرٹریوں کو مکمل اختیار دیتے ہوئے کہا کہ بدعنوانی میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی نہ ہونے کی صورت متعلقہ سیکرٹریز کو فارغ کردیا جائے گا، اس سلسلے میں کسی بھی قسم کے سیاسی اثرو رسوخ کو خاطر میں نہ لایا جائے، ہر قسم کا دبا میں خود برداشت کروں گا۔