پشاورکے سرکاری کالج کے پروفیسر نے ایمانداری کی اعلیٰ مثال قائم کردی 

پشاور:سرکاری اداروں میں افسروں اور ملازمین کے دفتر دیر سے پہنچنے اور جلدی جانے کی روایت عام ہے ایسے میں پشاور کے سرکاری کالج کے ایک پروفیسر نے سرکاری خزانے میں 7لاکھ روپے جمع کروا کرایمانداری کی اعلیٰ مثال قائم کردی ہے تو دوسری طرف عادتاًڈیوٹی پر دیر سے آنے اور جلدی جانے والے ملازمین اور افسران کی آنکھیں بھی کھول دی ہیں۔

گورنمنٹ کالج پشاور کے پروفیسر محمد ایوب نے 7لاکھ روپے سرکاری خزانے میں جمع کرائے ہیں۔ پروفیسر محمد ایوب نے کہا کہ اگر دفتری اوقات میں کوئی کمی بیشی ہوئی ہو تو اس کے ازالہ کے طور پر وہ یہ رقم سرکاری خزانے کو واپس کررہے ہیں۔

 اکاؤنٹ جنرل آفس خیبرپختونخوا نے پروفیسر محمد ایوب کواس عمل پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے سرکاری خزانے میں رقم  جمع کرانے کے موقع پر لی گئی  تصویر سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر بھی شیئر کر دی ہے۔ 

 سرکاری اداروں میں ملازمین اور افسران کے دیر سے دفتر آنے اور جلدی گھر چلے جانے کی روایت عام ہے تاہم پروفیسر محمد ایوب نے سرکاری خزانے میں رقم جمع کرکے عادتاً دیر سے آنے اور جلدی جانے والے  افسران اور ملازمین کی آنکھیں کھول دی ہیں۔

 سوشل میڈیا پر بھی پروفیسر محمد ایوب کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔اوراس عمل پر ان کی دل کھول کر تعریف کی جا رہی ہے۔