پشاور:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے جمعرات کے روز ضلع بٹگرام کا ایک روزہ دورہ کیا جہاں اْنہوں نے نو تعمیر شدہ منی مائیکروہائیڈرور پاور پراجیکٹ بیاری الائی سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں کا باضابطہ افتتاح کیا ہے۔
500 کلوواٹ منی مائیکرو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ بیاری 70 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے جس سے 600 گھرانوں سمیت متعدد سکولوں، طبی مراکز اور مساجد کوسستی بجلی فراہم کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے27 کروڑ 20 لاکھ روپے سے تعمیر کی گئی گورنمنٹ ڈگری کالج بنہ الائی کی عمارت اورگلئی میدان (الائی) میں 3 کروڑ روپے کی لاگت سے قائم کئے گئے سات مختلف کیمپنگ پاڈز کا بھی افتتاح کیا۔
اْنہوں نے آر سی سی پل بیاری خوڑ اور آر سی سی پل شیرخوڑ کا افتتاح کیا جو بالترتیب 5 کروڑ71 لاکھ روپے اور 5 کروڑ 10 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کئے گئے ہیں۔ اس موقع پر بٹیلہ روڈ کی تعمیر و توسیع کے منصوبے کا بھی افتتاح کیا گیا جو دو کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے ضلع بٹگرام کے مختلف علاقوں میں 9 ایریگیشن چینلز کی تعمیر کا سنگ بنیاد بھی رکھا جو 5 کروڑروپے کے مجموعی تخمینہ لاگت سے مکمل کئے جائیں گے۔
ان چینلز کی تعمیر سے 4 ہزار360 ایکڑ اراضی سیراب ہو گی۔وزیراعلیٰ نے الائی میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے تحصیل الائی کو ضلع کا درجہ دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔
اْنہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ سخت حالات کے باوجود پاکستان تحریک انصاف کے جلسوں میں عوام کی کثیر تعدا میں شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں اور وزیراعظم عمران خان قوم کی اْمیدوں کا مرکز ہیں۔ روز بروز پی ٹی آئی کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے جس سے دیگر سیاسی جماعتیں خائف ہیں۔
اْنہوں نے کہاکہ گزشتہ 70 سالوں میں نالائق حکمرانوں نے ملک کو اس نہج پر پہنچایا کہ عوام قرضوں کی دلدل میں پھنس گئے ہیں۔سابق حکمرانوں نے ملک کو بیرونی قرضوں میں ڈبویا اور اْنہوں نے ہماری آنے والی نسلوں کو بھی مقروض بنایا۔
سابق دو ادوارمیں 23 ہزار ارب روپے کے بیرونی قرضے لئے گئے جو عوام پر خرچ ہونے کی بجائے حکمرانوں کی جیبوں میں گئے۔ اْنہوں نے کہاکہ سابق حکمرانوں نے عوام کا پیسہ لوٹ کر بیرونی ممالک جائیدادیں بنائیں۔
گزشتہ ادوار میں ایک کلومیٹر موٹروے کی تعمیر پر 20 کروڑ روپے ہڑپ کئے جاتے تھے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت سابق ادوار کے قرضے واپس کرنے میں لگی ہوئی ہے اور ہمیں یقین ہے کہ وزیراعظم عمران خان ملک کو بیرونی قرضوں کے شکنجے سے نجات دلا کر رہیں گے۔اْنہوں نے کہاکہ وہ آنے والی نسلوں کیلئے ایک بہتر اور مضبوط پاکستان چھوڑ کر جائیں گے۔
وفاقی حکومت کی جانب سے نیا پاکستان کارڈ کا بھی جلد اجراء کیا جائے گاجس سے عوام کو بھر پور ریلیف ملے گا۔احساس پروگرام کے تحت مستحق گھرانوں کو اشیائے خوردو نوش پر سبسڈی دینے کیلئے رجسٹریشن کا عمل جاری ہے جبکہ صوبائی حکومت اس پروگرام کیلئے ساڑھے 13 ارب روپے فراہم کرے گی۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ موجودہ صوبائی حکومت 6 ارب روپے کی لاگت سے سرکاری سکولوں میں نیا فرنیچر فراہم کر رہی ہے۔ اْنہوں نے کہاکہ صوبے کے مختلف اضلاع کے دوروں کا مقصد عوام کے مسائل جاننا اور اْنہیں حل کرنا ہے۔
ملاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن کو عوام کی مشاورت سے دو، دو حصوں میں تقسیم کیا جائے گا تاکہ لوگوں کے مسائل مقامی سطح پر حل ہوں اور انتظامی معاملات میں مزید بہتری آئے۔ رکن قومی اسمبلی محمد نواز، رکن صوبائی اسمبلی زبیر خان، چیف آف الائی نوابزادہ اکبر ناموس اور دیگر نے بھی جلسے سے خطاب کیا۔ وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی تاج محمد ترند بھی اس موقع پر موجود تھے۔