پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے جمعرات کے روز ضلع بٹگرام کا ایک روزہ دورہ کیا جہاں اْنہوں نے مجموعی طور پر 21 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے پانچ مختلف ترقیاتی منصوبوں کاافتتاح کیااور عوامی اجتماع سے خطاب بھی کیا۔
ان منصوبوں میں میدان تا کرواڑ سڑک، بٹگرام پائی مال روڈ، کاکرشنگ آر سی سی پل، 300 کے وی کاکرشنگ اور250 کے وی بٹہ موری منی ہائیڈرو پاور پراجیکٹس شامل ہیں۔ان بجلی گھروں سے علاقے کے ساڑھے چھ سو سے زائد گھرانوں کو سستی بجلی کی سہولت میسر آئے گی۔ اس کے علاوہ مساجد، ہیلتھ کیئر یونٹس، ٹوارسٹس فسلیٹیز اور دکانوں کو بھی سستی بجلی فراہم کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے بٹگرام میں بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ہزارہ ڈویژن کو دو حصوں میں تقسیم کرکے اباسین کے نام سے نئے ڈویژن کے قیام اور ہزارہ اور ملاکنڈ کے بعض اضلاع پر مشتمل زون 6 کے قیام کا اعلان بھی کیا۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات کے بعد تحصیل الائی کو باقاعدہ ضلع کا درجہ دینے کا اعلامیہ بھی جاری کیا جائے گا۔ اْنہوں نے کہاکہ شعبہ صحت اور تعلیم کا فروغ موجودہ صوبائی حکومت کے ترجیحی شعبوں میں سرفہرست ہیں اور اس مقصد کیلئے ٹھوس اقدامات اْٹھائے جارہے ہیں۔
صوبے کے 35 ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتالوں کی تجدید کاری اور اپ گریڈیشن کے منصوبے پر کام جاری ہے۔ اْنہوں نے مزید کہاکہ موجودہ حکومت اس مہنگائی پر قابو پانے اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے بھر پور اقدامات کر رہی ہے۔
احساس پروگرام کے تحت فوڈ کارڈ کا جلد اجراء کیا جائے‘ اس وقت ضلع بٹگرام میں سات ارب روپے کے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے جبکہ آئندہ دو سالوں میں ضلع میں مزید ترقیاتی منصوبے بھی شروع کئے جائیں گے۔
محمود خان نے کہاکہ موجودہ مہنگائی کی سب سے بڑی وجہ سابق نالائق حکمرانوں کی غلط معاشی پالیسیاں تھیں جن کا خمیازہ ملک کے غریب عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ موجودہ حکومت نے 21 ارب ڈالر گزشتہ حکمرانوں کے لئے ہوئے قرضوں پر سود کی مد میں ادا کئے۔
گزشتہ ادوار میں کسی نے مذہب کے نام، کسی نے قومیت کے نام اور کسی نے روٹی، کپڑا اور مکان کے نام پر عوام کو صرف دھوکہ ہی دیا ہے لیکن اب قوم اور صوبے کے غیور عوام نے ان لوگوں کو یکسر مسترد کر دیا ہے اور یہ کبھی بھی اقتدار میں نہیں آسکتے۔
اْنہوں نے کہاکہ عمران خان پر تنقید کرنے والے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں کہ اْنہوں نے پاکستان کو کس نہج پر پہنچایا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ روز پشاور میں ایک جلسہ کیا جس میں وہ پورے پاکستان سے تین ہزار بندے بھی اکھٹے نہ کر سکا۔
اْنہوں نے کہاکہ وہ پشاور اور خیبر پختونخو اکے عوام کے مشکور ہیں جنہوں نے پیپلز پارٹی کو آئینہ دکھایا۔اْنہوں نے مزید کہاکہ اندرونی سندھ کے لوگوں کو پینے کا پانی تک دستیاب نہیں اوروزیراعلیٰ سندھ پشاور میں جلسہ کر رہے ہیں۔
بلاول آصف زرداری کا بیٹا ہے وہ بھٹو کا جانشین کبھی نہیں بن سکتا‘ عمران خان وہ واحد لیڈر ہیں جنہوں نے عوام خصوصا ً نوجوانوں کو اپنا حق لینے اور باعزت طریقے سے زندگی گزارنے کا شعور دیا ہے۔ عمران خان کو سلیکٹڈ کہنے والے خود سیلکٹڈ ہیں جنہیں یہ بھی نہیں پتہ کہ آلو کلو کے حساب سے بکتے ہیں یا درجن کے حساب سے۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ خیبرپختونخوا کے عوام نے 2013 اور2018 کے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف پر بھر پور اعتماد کیا اور آئندہ انتخابات میں بھی وہ پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں۔
اْنہوں نے مزید کہاکہ خیبرپختونخوا کے عوام وزیراعظم عمران خان سے مطمئن ہیں اور انشاء اللہ اگلی بار بھی وہ وزیراعظم ہوں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ وہ یقین سے کہہ سکتے ہیں کہ 2018 ء کے انتخابات کی طرح صوبے کے عوام بلدیاتی انتخابات میں بھی عمران خان پر بھر پور اعتماد کا اظہار کریں گے۔ سابق حکمران ملک کو بیرونی قرضوں میں ڈبو کر اب مہنگائی کا رونا روتے ہیں۔
صوبائی کابینہ اراکین شوکت یوسفزئی، تاج محمد ترند، سابق صوبائی وزیر محمد یوسف خان ترند اور دیگر نے بھی جلسے سے خطاب کیا۔