الیکشن کمیشن نے وزیراعظم کودورہ پشاورمنسوخ کرنے کی ہدایت کردی

الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات کے باعث وزیراعظم کو دورہ پشاور منسوخ کرنے کی ہدایت کردی۔

ریجنل الیکشن کمشنر کی جانب سے وزیراعظم کو لکھے گئے مراسلے میں کہا گیا ہےکہ خبریں ہیں آپ پاکستان کارڈلانچ کرنے کے لیے پشاور کا دورہ کررہے ہیں،نیا پاکستان کارڈ کا افتتاح کرنا انتخابی مہم کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔

مراسلے میں واضح کیا گیا ہےکہ انتخابی شیڈول کے اعلان کے بعد وزیراعظم کا متعلقہ مقام کادورہ کرناضابطہ اخلاق کی خلاف وزری تصور ہوگا کیوں کہ صدرمملکت، وزیراعظم اور گورنرز انتخابی شیڈول کے اعلان کے بعد کسی بھی ڈویلپمنٹ اسکیم کے لئے متعلقہ حلقے کادورہ نہیں کرسکتے،لہٰذا وزیراعظم ایسے اقدام سے گریز کریں جس سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہو۔

مراسلے میں مزید کہا گیا ہےکہ بصورت دیگر آپ کےخلاف قانونی کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔

واضح رہے وزیراعظم عمران خان کو آج نیا پاکستان کارڈ کی لانچنگ کے لئے پشاور کا دورہ کرنا تھا۔