کرک میں ایم این اے کے کزن سمیت 2 افراد جاں بحق

صوبہ خیبر پختونخوا کا ضلع خیبر بلدیاتی الیکشن کے دوران میدانِ جنگ بن گیا ،کرک کی تحصیل تخت نصرتی  کے پولنگ اسٹیشن میں فائرنگ  سے 2 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔

رپورٹس کے مطابق جاں بحق افراد میں پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے شاہد خٹک کا چچا زاد بھائی اور گن مین شامل  ہیں جبکہ ملزمان فرار ہوگئے۔ واقعے کے بعد پولنگ روک دی گئی  ہے۔

اس کے علاوہ ذخہ خیل اور لنڈی کوتل میں مسلح افراد نے پولنگ اسٹیشنوں پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں پولنگ اسٹیشن پر بیلٹ بکس ٹوٹ گئے  اور الیکشن میٹریل کو بھی نقصان  پہنچا جبکہ بھگڈر، بے نظمی کے بعد 20 پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ کا عمل روک دیا گیا ہے۔

دوسری جانب لنڈی کوتل بازار کے ملک نادر شاہ کلے اسکول پر بھی پولنگ اسٹیشن میں مسلح افراد گھس گئے  اور بیلٹ باکس توڑ دیے، الیکشن میٹریل کو نقصان پہنچایا اور عملے کو یرغمال بنالیا۔

واضح رہے کہ اس سےقبل امن و امان کی خراب صورت حال کے پیش نظر بنوں کی تحصیل بکا خیل میں  بلدیاتی الیکشن ملتوی کر دیا گیا تھا۔