سان فرانسسكو: تیزی سے بدلتی ہوئی ڈیجیٹل دنیا میں ہر پلیٹ فارم ، ایپ اور سافٹ ویئر بدلتے رہتے ہیں، اب بہت عرصے بعد جی میل نے بھی بہت سی تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے۔
8 فروری سے جی میل میں کافی تبدیلیاں نمودار ہونا شروع ہوں گی اور اس کے بعد اپریل میں یہ ازخود (ڈیفالٹ) شامل ہونے لگیں گی۔
سب سے پہلے اس میں چیٹ، گوگل میٹ اور اسپیسس کو باہم منسلک کیا جائے گا۔
کاروباری اور کام والے جی میل اکاؤنٹس میں ورک اسپیس کو اہمیت دی جائے گی۔
اس طرح اب ای میل میں چھوٹی ونڈوز تیرتی نظرآئیں گی اور بائیں ہاتھ پر لگے بڑے بٹن سے اس کی مزید معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔
اپریل میں تمام صارفین اس نئے لے آؤٹ پرمنتقل ہوسکیں گے۔
نئے لے آؤٹ کے تحت نوٹی فکیشن بلبلوں کے صورت میں نمودار ہوکر آپ کی توجہ اپنی طرف مبذول کرائیں گے اور جی میل بہت انٹرایکٹو انداز میں پیش کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گوگل اپنے ای میل پلیٹ فارم پر بطورِ خاص کاروباری اور دفاتر کے ای میل کے لیے بہتر آپشن پیش کرنا چاہتا ہے۔
اس طرح آپ بہت تیزی سے ای میل، چیٹ، اسپیس اور دیگرآپشن تک پہنچ سکتے ہیں۔ اسی لیے بہت آسان اور واضح انٹرفیس بنایا گیا ہے۔