مناسک حج کا آج سےآغاز، 10لاکھ عازمین سعادت حاصل کرینگے

مکہ المکرمہ: مناسک حج کا آغاز آج (بدھ) سے ہوگیا، کورونا وائرس کے بعد پہلی بار10لاکھ عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے جن میں ساڑھے آٹھ لاکھ غیرملکی شامل ہیں۔

بیرون ملک سے آنے والے تمام عازمین حج مکہ مکرمہ پہنچ چکے ہیں۔ 45 ہزار عازمین کو مدینہ منورہ سے مکہ مکرمہ منتقل کردیاگیاہے ۔عازمین حج کے بقیہ ایام مکہ مکرمہ میں گزاریں گے، دوران حج مسجد الحرام کو دن میں 10 بار دھویا جائے گا اور ہربار1لاکھ 30 ہزار لیٹر جراثیم کش محلول بھی استعمال کیاجائے گا۔

حج سکیورٹی فورس نے کہاہے کہ حج کے لیے امن و سلامتی کے تمام انتظامات مکمل ہیں۔ مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ (منی، مزدلفہ اور عرفات) اور حج مقامات کی طرف جانے والی شاہراہوں پرامن و امان کو برقرار رکھنے کے انتظامات کرلیے گئے ہیں۔

وزیر مذہبی امورمفتی عبد الشکور نے بھی پاکستان حج مشن کو ہدایت کی ہے کہ منی، مزدلفہ اورعرفات میں حجاج کرام کو حتی الامکان سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔وہ مکہ مکرمہ مشاعرمیں پاکستان حج مشن کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق دی جانے والی بریفنگ کے دوران حج مشن کے حکام سے بات چیت کر رہے تھے۔