منٰی میں خیموں کا شہر آباد،لاکھوں عازمین لبیک کی صداؤں میں منٰی پہنچ گئے

منٰی میں دنیا کی سب سے بڑی خیمہ بستی آباد ہوگئی۔ دس لاکھ عازمین حج لبیک کی صداؤں میں منٰی پہنچ گئے۔ یہاں وہ ظہر، عصر، مغرب اور عشا کی نمازیں ادا کرکے آج رات منٰی میں خیموں میں قیام کریں گے۔ یہاں سے عازمین کل جمعے کو فجر کی نماز ادا کر کے حج کے سب سے بڑے رکن ’وقوف عرفہ‘ کے لیے میدان عرفات پہنچیں گے۔

عازمین کل میدان عرفات میں خطبہ حج سنیں گے۔ خطبہ حج ہرسال کی طرح مسجد نمرہ سے دیا جائے گا۔ اس سال خطبہ حج کیلئے خادم حرمین شریفین آل سعود نے شیخ عبدالکریم کو خطبہ حج کیلئے خطیب مقرر کیا ہے۔ خطبہ حج اردو زبان سمیت 14 زبانوں میں براہ راست نشر کیا جائے گا۔

حرمین شریفین کے امورکی نگراں وزارت کے مطابق منٰی میں عازمین حج کے لئے محفوظ اورآرام دہ خیموں کا شہر آباد کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب وزارت حج اورعمرہ نے  حج کے انتظامات دیکھنے والی کمپنیوں میں سے ایک کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اورقیادت پرپابندی عائد کردی۔

حکام کا کہنا ہے کہ عازمین کو خدمات کی فراہمی میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ کمپنی پرپابندی زمینی حقائق کا جائزہ لینے اورخامیاں سامنے آنے کے بعد لگائی گئی ہے۔