مودی کابینہ کے آخری مسلمان وزیر بھی مستعفی

 

 نئی دہلی:بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی کابینہ سے آخری مسلمان وزیر مختار عباس نقوی کے مستعفی ہونے کے بعد انڈیا کی 75 سالہ تاریخ میں ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ مرکزی حکومت میں کوئی مسلمان وزیر موجود نہیں ہے۔

انڈیا کے اقلیتی امور کے وزیر مختار عباس نقوی نے بدھ کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا ہے کیونکہ ان کی بطور رکن پارلیمان (ایم پی) مدت ختم ہونے والی تھی۔

انڈیا میں مسلمانوں کی آبادی تقریبا ً20 کروڑ ہے جو کہ انڈونیشیا اور پاکستان کے بعد دنیا کی تیسری سب سے بڑی مسلم آبادی ہے لیکن فی الحال مسلمانوں کی انڈین پارلیمان میں نمائندگی تاریخ کی کم ترین سطح پر ہے۔

انڈین پارلیمنٹ میں حزب اقتدار جماعت بی جے پی کے تقریباً 400 ارکان ہیں مگر مرکزی حکومت میں مسلمانوں کا کوئی نمائندہ موجود نہیں ہے۔

مختار نقوی کا حکومت سے استعفیٰ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بی جے پی کو سنہ 2014 میں اقتدار میں آنے کے بعد سے مذہبی اقلیتوں پر تشدد میں اضافے جیسے سنگین الزامات کا سامنا ہے۔