لبیک اللھم لبیک! حج کا رکن اعظم " وقوف عرفہ" آج ادا کیا جا رہا ہے

 مکہ مکرمہ: دنیا بھر سے جمع ہوئے لاکھوں عازمین حج قافلوں کی شکل میں منیٰ سے میدان عرفات پہنچ گئے،جہاں آج حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کیا جا رہا ہے۔

عازمین حج نے رات منٰی میں قائم کی گئی خیمہ بستی میں گزاری، نماز فجر تک منیٰ میں قیام کیا اور عبادت میں مصروف رہے۔

نماز فجر کی ادائیگی کے بعد عازمین حج قافلوں کی شکل میں عرفات کی جانب روانہ ہوئے۔ عرفات میں حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کیا جائے گا۔

مسجد نمرہ سے خطبہ حج پاکستانی وقت کے مطابق ایک بج کر 40 منٹ پر دیا جائے گا۔ اللہ کے مہمان میدان عرفات میں عبادات، توبہ استغفار اور تلبیہ بلند کرنے کے علاوہ ظہر اور عصر کی نمازیں قصر ادا کریں گے۔ دونوں باجماعت نمازوں کے لیے ایک ہی اذان دی جائے گی جبکہ نماز باجماعت کے لیے دونوں نمازوں کی اقامت الگ الگ ادا ہو گی۔

حجاج کرام میدان عرفات میں نماز مغرب تک قیام کے بعد  مزدلفہ روانہ ہوں گے جہاں وہ نماز مغرب اور عشا جمع کر کے ادا کریں گے اور رات بھر مزدلفہ میں کھلے آسمان تلے قیام کے دوران عبادت اور دعائیں کریں گے۔ مزدلفہ کی حدود ہی سے حجاج کرام رمی جمرات کے لیے کنکریاں جمع کریں گے۔

اس کے بعد حجاج کرام اگلے روز جمرات کے مقام پر کنکریاں مارنے کا عمل یعنی رمی جمرات کا آغاز کریں گے، جس کے بعد قربانی کی تصدیق کے بعد حجاج کرام حلق کروانے کے بعد اپنا احرام کھول دیں گے۔

واضح رہے کہ دنیا بھر کے مسلمان عالمی وبا کورونا کے باعث دو سال بعد اتنی بڑی تعداد میں فریضہ حج ادا کر رہے ہیں، پاکستان سے بھی اس سال 85 ہزار کے قریب افراد حج کی سعادت حاصل کر رہے ہیں۔