پاکستان نے ممتاز کشمیری نوجوان رہنما برہان مظفر وانی کی شہادت کی چھٹی برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
خارجہ امور کی وزارت کے ترجمان کے جاری بیان کے مطابق پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں برہان وانی کی بے لوث خدمات اور قربانیوں پر ان کی زندگی اور میراث کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
بیان میں کہا گیاہے کہ کشمیر کی آزادی کی تحریک کے ایک چہرے کے طور پر برہان وانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے پاکستان ایک بار پھر بھارتی حکومت پر زور دیتا ہے کہ وہ طاقت کے اندھا دھند استعمال اور کشمیریوں بالخصوص نوجوانوں کو مسلسل نشانہ بنانے سے باز رہے۔
بیان میں کہا گیاہے کہ پاکستان عالمی برادری پر بھی زور دیتا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔