امریکی صدر نے افغانستان کی نان نیٹو اتحادی کی حیثیت ختم کردی 

واشنگٹن:امریکی صدر جو بائیڈن نے افغانستان سے ایک بڑے نان نیٹو اتحادی کی حیثیت واپس لے لی ہے جس سے ملک کیساتھ تقریبا 20سال کے فوجی اور سیکیورٹی رابطوں کا باضابطہ طور پر خاتمہ ہو گیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے رواں ہفتے کے اوائل میں کانگریس کو ارسال کردہ ایک خط میں لکھا کہ 1961ء کے فارن اسسٹنس ایکٹ کی سیکشن 517کے مطابق میں افغانستان کی ایک بڑے نان نیٹو اتحادی کی حیثیت منسوخ کرنے کے اپنے ارادے کا نوٹس فراہم کر رہا ہوں۔

خیال رہے کہ ایک بڑے نان نیٹو اتحادی کے طور پر افغانستان بھی فوجی تربیت اور امداد حاصل کرنے بشمول نیٹو افواج کے ملک چھوڑنے کے بعد بھی فوجی ساز و سامان کی فروخت اور لیز پر دینے کا عمل تیز کرنے کا اہل تھا۔