کولمبو: سری لنکا میں مشتعل مظاہرین نے وزیراعظم رانیل وکرماسنگھےکے ذاتی گھر کو آگ لگا دی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق مشتعل مظاہرین وزیراعظم رانیل وکرماسنگھے کے ذاتی گھر میں گھس گئے اور وہاں توڑ پھوڑ کی اور پھر اسے نذر آتش کردیا۔
سری لنکن میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب ملک بھر میں عوام کے احتجاج کے بعد وزیراعظم رانیل وکرماسنگھے نے اپنے استعفےکی پیش کی تھی۔
وزیراعظم آفس کا کہنا تھا کہ رانیل وکرماسنگھےکُل جماعتی حکومت بنانےکے لیے مستعفیٰ ہونےکو تیار ہیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق فوری طور پر اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی کہ ذاتی رہائش گاہ پر حملے کے وقت سری لنکن وزیراعظم گھر میں موجود تھے تیا نہیں۔
خیال رہےکہ اس سے قبل سری لنکن صدر کی معاشی پالیسیوں کے خلاف آج ہزاروں مظاہرین صدارتی محل میں گھس گئے تھے، مظاہرین نے صدارتی محل کے سامنے کھڑی رکاوٹیں توڑ ڈالیں، اس دوران مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔
پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے واٹرکینن کا استعمال کیا، ہوائی فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ کی، رپورٹ کے مطابق سری لنکن صدر راجا پاکسےکو ان کی رہائش گاہ سے پہلے ہی بحفاظت نکال لیا گیا تھا۔
خیال رہےکہ سری لنکا کئی ماہ سے خوراک، ادویات،ایندھن، بجلی کی کمی اور شدید مہنگائی جیسے مسائل کا شکار ہے جس کے خلاف سری لنکا میں حکومت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا جارہا ہے اور احتجاج میں روز بروز شدت آتی جارہی ہے۔