پاکستان کی جی ایس پی پلس میں شمولیت کا فیصلہ سیاسی بنیادوں پر نہیں ہوگا، یورپی یونین

 یورپی یونین نے پاکستان کو یقین دہانی کرائی ہے کہ روس، یوکرین تنازع پر اس کے موقف کا اس کی آئندہ دس سال کیلئے جی ایس پی پلس میں شمولیت کے فیصلے پر کوئی اثر نہیں پڑیگا۔

 میڈیا ذرائع کے مطبق ایک مغربی سفارتکار کا کہنا ہے کہ ہم کسی ملک کو اس کے روس، یوکرین معاملے پر موقف کی بنیاد پر سزا دینے نہیں جا رہے۔ واضح رہے کہ پاکستان پر مغرب خصوصاً امریکا کی طرف سے دبائو ڈالا جا رہا ہے کہ وہ یوکرین پر روسی حملے کی مذمت کرے۔

اس حملے نے چونکہ یورپ کی سکیورٹی کو خطرے میں ڈالا ہے اس لئے پاکستان جی ایس پی پلس حیثیت میں توسیع کے بارے میں متفکر تھا تاہم مغربی سفارتکار نے یقین دلایا کہ پاکستان کے کیس کا فیصلہ سیاسی بنیادوں پر نہیں کیا جائیگا۔

انہوں نے کہا اس بارے میں فیصلہ 27عالمی کنونشنز پر عملدرآمد کے حوالے سے پاکستان کی پیش رفت کی بنیاد پر ہوگا۔ یہ کنونشنز انسانی حقوق، لیبر رائٹس، ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی اور گڈ گورننس کے بارے میں ہیں اور پاکستان نے ان پر دستخط کر رکھے ہیں۔