واشنگٹن: پاکستان کے سفیر مسعود خان نے امریکی سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر جیک ریڈ سے ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان موجودہ سکیورٹی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں پاکستان کی دلچسپی کا اظہار کیا۔
پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات گزشتہ روز سینیٹ ہارٹ بلڈنگ میں ہوئی۔اس موقع پر پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان قریبی دفاعی تعاون قائم ہے اور ہم اپنے موجودہ سکیورٹی تعلقات کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کے زیر استعمال بہت سے دفاعی پلیٹ فارمز امریکی ہیں جنہیں مستقل حمایت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج کے درمیان ماضی سے ہم آہنگی قائم ہے اور دفاعی تعاون کے حوالے سے مزید طریقے بھی تلاش کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک سیاسی اور اقتصادی شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ شراکت داری جاری رکھیں گے۔پاکستانی سفیر مسعود خان نے امریکی سینیٹر کو علاقائی سلامتی اور افغانستان کی صورتحال سمیت ہمسایہ ممالک میں استحکام اور خوشحالی کے حالات پیدا کرنے کی حالیہ کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام اور ترقی پاکستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔
امریکا کے ساتھ روابط سے نئے راستے کھلے ہیں اور دونوں ممالک 7 دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط طویل مدتی وسیع البنیاد تعلقات کو تقویت دینے کے لیے کام کر رہے ہیں۔امریکی سینیٹر جیک ریڈ نے پاکستانی سفیر کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان قائم طویل مدتی تعلقات کو مسلسل فروغ دیا جائے گاکیونکہ دونوں ممالک اپنے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔
امریکی سینیٹرجیک ریڈ نے پاکستانی سفیر کو یقین دہانی کرائی کہ آرمڈ سروسز کمیٹی دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔پریس ریلیز کے مطابق پاکستانی سفیر مسعود خان نے سینیٹرجیک ریڈ کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی جسے انہوں نےقبول کر لیا ۔ واضح رہے کہ جیک ریڈ متعدد بار پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں۔