وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کو جرمنی کی وزیر خارجہ اینالینا بیرباک نے جمعرات کو ٹیلی فون کیا، دونوں وزراءخارجہ نے دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کے علاوہ علاقائی صورتحال پر بات چیت کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گہا کہ وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان جرمنی کے ساتھ دوطرفہ اور یورپی یونین کے تناظر میں اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے جنہیں باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں مزید وسعت دی جانی چاہیے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ ماہ جرمن وزیر خارجہ بیرباک کے دورہ اسلام آباد کا ذکر کیا جس نے دو طرفہ تعلقات میں بڑھتے ہوئے تعاون کو مزید تقویت دی ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان مضبوط اقتصادی روابط ہیں اور انہیں مزید مضبوط بنانے کے لیے ٹھوس کوششیں کی جانی چاہئیں۔ انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کے شعبے میں دوطرفہ تعلقات میں گہری دلچسپی اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے والے سائنسی اداروں کی استعداد کار میں اضافے میں پاکستان کی دلچسپی کا اظہار کیا۔
وزیر خارجہ نے پاکستان کی جی ایس پی پلس حیثیت کے لیے جرمنی کی مستقل حمایت کو بھی سراہا جو کہ باہمی طور پر فائدہ مند انتظام ہے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے افغانستان کی صورتحال کے تناظر میں اس بات پر زور دیا کہ پاکستان انسانی بنیادوں پر انخلاء کی سہولت فراہم کررہا ہے۔
وزیر خارجہ نے سنگین انسانی اور معاشی بحرانوں کے تناظر میں افغان عوام کی زندگیوں اور معاش کے تحفظ کے لیے عالمی برادری کی جانب سے تعاون میں اضافے کی ضرورت کا اعادہ کیا اور افغانستان کے لیے جرمنی کی انسانی امداد کا اعتراف کیا۔
وزیر خارجہ نے جرمن وزیر خارجہ اینالینا بیرباک کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جس پر جرمن ہم منصب نے ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو جرمنی کے دورے کی دعوت دی۔ دونوں وزراء نے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔