روس یوکرین معاہدہ، گندم کی قیمت کم ہونا شروع ہوگئی

ماسکو/ کیف:روس اور یوکرین کے درمیان اناج کی برآمدات سے متعلق معاہدے کے بعد عالمی سطح پر گندم کی قیمت میں کمی آنا شروع ہوگئی۔

جمعہ کو ترکی کی کوششوں سے روس اور یوکرین نے استنبول میں اناج کی ترسیل کے معاہدوں پر دستخط کیے تھے جس کے بعد گندم کی قیمتیں جنگ سے پہلے کے نرخوں سے بھی نیچے آگئیں۔

 معاہدے کے موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان بھی موجود تھے۔

امریکہ میں شکاگو سٹاک ایکسچینج میں گندم کے مستقبل کے معاہدے گزشتہ 5 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئے، اناج کے بحران کے حل کے ساتھ سپلائی بڑھنے کی توقعات سے گندم کی قیمت تقریباً 6 فیصد کم ہوکر 7.7 ڈالر ہوگئی۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق اس معاہدے کے تحت سخت معاشی پابندیوں کے باوجود روسی اناج اور کھاد کی ترسیل میں نرمی کرتے ہوئے یوکرینی اناج کی برآمدات کو بحال کیا جائے گا۔