ریاض:سعودی حکومت نے غیر قانونی لیبر کی خدمات حاصل کرنے کو سنگین جرم قرار دیتے ہوئے سخت سزائیں نافذ کردی ہیں۔
سعودی میڈیا کے مطابق محکمہ امن عامہ نے غیر قانونی لیبر کی خدمات حاصل کرنے والوں کیلئے سخت سزاؤں کا اعلان کردیا ہے جس کے بعد اب غیر قانونی لیبر کی خدمات حاصل کرنے والے تجارتی ادارے پر ایک لاکھ ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
کمپنی کے مالک یا منیجر کو ایک سال قید کی سزا بھی دی جائے گی اور مقامی میڈیا پر اس کی تشہیر ہوگی۔
محکمہ لیبر کے مطابق لیبر کی خدمات حاصل کرنے والی کمپنی کو 5 سال کے لیے بیرون ملک سے ورکرز منگوانے پر پابندی بھی عائد کردی جائے گی۔
حکام کا کہنا تھا کہ اگر غیر قانونی لیبر کی خدمات حاصل کرنے میں غیر ملکی منیجر یا انتظامیہ ملوث ہوئی تو انہیں ملک سے ڈی پورٹ کردیا جائے گا۔
انہی سزاؤ ں کا اطلاق اس تجارتی ادارے پر بھی لاگو ہو گاجو اپنے لیبر کو آزادانہ طور پر کام کرنے کی اجازت دے گا یا کسی اور ادارے میں کام کرنے دے گا یا کسی اور تجارتی ادارے کے لیبر کی غیر قانونی طور پر خدمات حاصل کرے گا۔