نئی دہلی: بھارت کی سیاسی جماعت کانگریس کے رہنما راہول گاندھی کا کہنا ہے کہ بھارت پولیس اسٹیٹ اوروزیراعظم نریندر مودی بادشاہ ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کانگریس رہنما راہول گاندھی نے دارالحکومت نئی دہلی اپنی جماعت کے ارکان اسمبلی کے ساتھ مہنگائی اوراپوزیشن جماعتوں کو سیاسی بنیادوں پرنشانہ بنانے کے خلاف مارچ کیا۔
راہول گاندھی نے بھارتی پارلیمنٹ اورسرکاری دفاتر کے قریب دھرنا بھی دیا۔ پولیس نے راہول گاندھی سمیت کانگریس کے اراکین اسمبلی کو گرفتار کرکے قریبی تھانے منتقل کردیا۔
گرفتاری کے وقت میڈیا سے گفتگو میں راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ بھارت پولیس اسٹیٹ ہے اوروزیراعظم نریندر مودی بادشاہ ہیں۔ دوسری جانب راہول گاندھی کی والدہ اور کانگریس رہنما سونیا گاندھی آج مسلسل دوسرے روز انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ میں پیش ہوں گی۔ گزشتہ روز بھی انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے ان سے کئی گھنٹے تفتیش کی تھی۔ سونیا گاندھی سے منی لانڈرنگ سمیت مختلف مالی معاملات کے حوالے سے تفتیش کی جارہی ہے۔