امریکا کی سابق خاتون اول اور سابق صدارتی امیدوار ہلیری کلنٹن نے کانگریس کے ڈیموکریٹ امیدوار پاکستانی نژاد ڈاکٹر آصف محمود کی توثیق کردی ۔ نجی ٹی و ی کو دیئے گئے انٹرویو میں ہلیری کلنٹن نے کہا کہ ڈاکٹر آصف کی سب سے بڑی خوبی یہ ہےکہ بحیثیت ڈاکٹر انہوں نے آج تک کسی بھی مریض کو فیس نہ ہونے کی وجہ سے گھر نہیں بھیجا۔
ہیلری کلنٹن نے کہا کہ ایسا شخص کانگریس کا رکن بنے گا تو یقینی طور پر امریکی عوام کے مفاد میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گا۔ ڈاکٹرآصف محمود کو اپنا دوست قرار دیتے ہوئے ہلیری کلنٹن نے کہا کہ وہ دوعشروں سے انہیں جانتی ہیں۔
اس کے علاوہ انہوں نے امریکی عوام پر زور دیا کہ وہ ڈاکٹر آصف کو کامیاب بنائیں جو وسط مدتی انتخابات میں کیلی فورنیا کے ڈسٹرکٹ 40 سے کانگریس کے امیدوار ہیں۔