نئے اسلامی سال کے آغازپرغلاف کعبہ کی تبدیلی کا پُر نورعمل

مکہ معظمہ:مسجد الحرام میں آج نئے اسلامی سال (1444ھ) کے پہلے دن یعنی یکم محرم الحرام کوغلاف کعبہ "کسوہ" کی تبدیلی کی روح پرور تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

عرب میڈیا کے مطابق کے مطابق غلاف کعبہ کی تبدیلی کی تقریب میں امام کعبہ اورحرمین شریفین امور کی جنرل پریزیڈینسی کے صدر شیخ عبدالرحمٰن السدیس نے بھی شرکت کی۔

مسجد الحرام میں موجود سیکڑوں عازمین نے غلاف کعبہ کی تبدیلی کا روح پرور منظردیکھا اوردعائیں کیں۔ غلاف کعبہ کی تبدیلی میں کلید بردار کعبہ، منتظمین ، سعودی حکام اورغلاف ساز کسوہ فیکٹری کے منتظمین  سمیت 200 سے زائد ماہرین اورتربیت یافتہ کارکنوں نے حصہ لیا۔

غلاف کعبہ کو کسوہ کہتے ہیں اوریہ مجموعی طور پر16 ٹکڑوں پرمشتمل ہوتا ہے۔ کسوہ کی لمبائی 50 فٹ اور چوڑائی 35 سے 40 فٹ ہے۔

غلاف کعبہ کی تبدیلی کی تقریب ہر سال 9 ذی الحج کو ہوتی تھی تاہم رواں سال تاریخ تبدیل کرکے یکم محرم کو غلاف کعبہ تبدیل کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔