القاعدہ لیڈرایمن الظواہری کابل میں امریکی ڈرون حملے میں ہلاک، سعودی عرب کا ردعمل

القاعدہ لیڈرایمن الظواہری مبینہ طور پر امریکی خفیہ ایجنسی (سی آئی اے) کے ڈرون حملے میں ہلاک ہو گئے۔ امریکی میڈیا کے مطابق سی آئی اے نے ایمن الظواہری کو اتوار کوکابل میں ڈرون حملے سے نشانہ بنایا۔اس کارروائی میں کوئی شہری نہیں ماراگیا۔

 ایمن الظواہری نے القاعدہ کے بانی لیڈر اسامہ بن لادن کی موت کے بعد  تنظیم کی کمان سنبھالی تھی۔ اسامہ بن لادن کو سن2001 میں امریکا پر طیارہ حملوں میں ملوث قرار دیا گیا تھا۔ان حملوں میں تقریباً3 ہزار افراد مارے گئے تھے اوراب الظواہری کو اس وقت نشانہ بنایا گیا ہے جب ان حملوں سے شہریوں کی موت کی اگلے ماہ برسی منائی جائے گی۔

رپورٹس کے مطابق ایمن الظواہری کی گرفتاری میں مدد کرنے پر امریکا نے 25 ملین ڈالرز انعام مقرر کر رکھا تھا۔

دوسری جانب طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے امریکی حملے کی تصدیق کی اور  امریکی کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے اسے عالمی اصولوں کی خلاف ورزی قرار دیا۔

وائٹ ہاؤس کے حکام نے الظواہری کے مارے جانے کی تصدیق کرنے سے انکار کیا لیکن ایک بیان میں کہا کہ امریکا نے افغانستان میں القاعدہ کے ایک اہم ہدف کے خلاف  کارروائی کی۔ آپریشن کامیاب رہا اور کوئی شہری جانی نقصان نہیں ہوا۔ 

دریں اثناء  سعودی عرب نے ایمن الظواہری کی ہلاکت کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔ سعودی وزارت خارجہ نے کہا کہ ایمن الظواہری ان دہشت گردوں میں سے تھا جس نے امریکا اور سعودی عرب میں دہشتگرد حملوں کی قیادت کی، ایمن الظواہری نے سعودی شہریوں سمیت ہزاروں بےگناہ لوگوں کومارا۔

واضح رہے کہ امریکی میڈیا کے مطابق سی آئی اے نے ایمن الظواہری کو اتوار کے روزکابل میں ڈرون حملے سے نشانہ بنایا اور اس کارروائی میں کوئی شہری نہیں ماراگیا۔

ایمن الظواہری نے القاعدہ کے بانی لیڈر اسامہ بن لادن کی موت کے بعد تنظیم کی کمان سنبھالی تھی۔