امریکی سپیکر چین کی دھمکی کے باوجود تائیوان پہنچ گئیں

امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی چین کی جانب سے سخت انتباہ کے باوجود تائیوان پہنچ گئیں۔

فرانسیسی خبر ایجنسی اے ایف پی نے دعویٰ کیا ہے کہ نینسی پلوسی کا طیارہ تائیوان لینڈ کرگیا ہے۔امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے بھی  نینسی پلوسی کا طیارہ تائیوان پہنچنےکی تصدیق کی ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق امریکی اسپیکر ملائیشیا سے تائیوان پہنچی ہیں، اس کے بعد وہ جنوبی کوریا اور جاپان بھی جائیں گی۔

خبر ایجنسی کے مطابق چین نے نینسی پلوسی کے دورہ تائیوان کو 'انتہائی خطرناک' اقدام قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق چینی وزارت خارجہ نے حالیہ ردعمل میں کہا ہےکہ امریکی آگ سے کھیلنےکی کوشش کر رہے ہیں،  چین تائیوان میں امریکی نقل وحرکت کو  ہرگز برداشت نہیں کرے گا، امریکا بدمعاشی کی سیاست پر گامزن ہے، نینسی پلوسی کا دورہ تائیوان کا اختتام امریکیوں کے لیے اچھا ثابت نہیں ہوگا۔

ادھر تائیوان پہنچنے پر نینسی پلوسی کا کہنا تھا کہ یہ دورہ تائیوان کی مضبوط جمہوریت کی بھرپور حمایت کا عکاس ہے، تائیوان کی قیادت کے ساتھ ہماری بات چیت مشترکہ مفادات کے فروغ اور حمایت کی تائید ہے، اس دورے کا مقصد ایک آزاد انڈو پیسیفک خطے کا فروغ ہے۔

 نینسی پلوسی کا کہنا تھا کہ تائیوانی قیادت کے ساتھ بات چیت امریکا تائیوان شراکت داری کی توثیق پر مرکوز ہوگی، دورہ تائیوان کسی بھی طرح امریکا کی دیرینہ پالیسی سے متصادم نہیں، کانگریسی وفد کا دورہ تائیوان جمہوریت کے لیے امریکا کی غیرمتزلزل حمایت کا عکاس ہے۔

خیال رہے کہ چین نے متعدد بار خبردار کیا تھا کہ  امریکی اسپیکرکا دورہ تائیوان چین کےاندرونی معاملات میں مداخلت ہوگا۔

چین کا کہنا  تھا کہ نینسی پلوسی نےتائیوان کا دورہ کیا  تو چینی فوج ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر نہیں بیٹھےگی،  چین اپنی خود مختاری، علاقائی سالمیت کےدفاع کے لیے سخت جوابی اقدامات کرے گا، امریکی اسپیکر کا دورہ تائیوان خوفناک سیاسی اثرات کا باعث بنےگا۔