دنیا جوہری تباہی سے محض ایک غلطی کی دوری پرہے،سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

نیویارک:اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اینتونیوگوئیتریس نے خبردارکیا ہے کہ دنیا تباہ کن ایٹمی جنگ سے ایک غلط اندازے سے دوری پرہے، اورہم سرد جنگ کے بعد سے اس کے اطراف میں ہی ہیں۔

 امریکی میڈیا کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ ہم اب تک غیرمعمولی طورپرخوش قسمت ثابت ہوئے ہیں، بڑھتی ہوئی عالمی کشیدگی کے درمیان، انسانیت صرف ایک غلط فہمی ہے، اور ہم جوہری تباہی سے محض ایک غلطی کی دوری پرہیں۔

 جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے پردستخط کرنے والے ممالک کی کانفرنس کے افتتاح کے موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ روئے زمین پرموجود تقریبا ًہرملک این پی ٹی معاہدے پر دستخط کرچکا ہے، جن میں دنیا کی پانچ بڑی ایٹمی طاقتیں بھی شامل ہیں۔

 اس معاہدے پردستخط نہ کرنے والے ممالک میں سے ہندوستان، پاکستان، شمالی کوریا اور اسرائیل ایسے ہیں جن کے پاس جوہری ہتھیارہیں یا ان کی موجودگی کا شبہ ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جوہری تباہی سے بچنے کیلئے دنیا کی خوش قسمتی زیادہ عرصے برقرارنہیں رہ سکتی،انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی کشیدگی نئی بلندیوں پرپہنچ رہی ہے اوردنیا تباہ کن ایٹمی جنگ سے ایک غلط اندازے سے دوری پرہے۔