ریاض: سعودی حکام نے اس حوالے سے وضاحت کی ہے کہ بیرون ملک سے عمرہ زائرین سال میں متعدد بار آسکتے ہیں، صرف جدہ ایئرپورٹ سے آنے کی پابندی نہیں رہی۔
سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ بیرون مملکت سے زائرین ایک سال کے دوران متعد بار عمرہ کے لیے آسکتے ہیں۔
وزارت حج کے ٹویٹر پرایک شخص کی جانب سے دریافت کیا گیا تھا کہ کیا ایک سے زائد بار بیرون مملکت سے عمرہ ویزے پر آیا جا سکتا ہے۔
اس حوالے سے وزارت کا کہنا تھا کہ بیرون مملکت سے زائرین ایک سال کے دوران جتنی بار چاہیں عمرے کے لیے سعودی عرب آسکتے ہیں، وہ مملکت کے کسی بھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ یا ریجنل ایئرپورٹ کے راستے عمرہ ادا کرنے کے لیے آسکیں گے۔
وزارت حج و عمرہ کی جانب سے مزید کہا گیا کہ اب تک عمرہ زائرین صرف جدہ یا مدینہ منورہ کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ ہی سے آسکتے تھے، اب وہ سعودی عرب کے کسی بھی انٹرنیشنل یا ریجنل ایئرپورٹ سے عمرہ ویزے پر مملکت آبھی سکتے ہیں اور جا بھی سکتے ہیں۔
حکام نے کہا کہ جدہ ایئرپورٹ سے آنے کی پابندی نہیں رہی، عمرہ پرمٹ اعتمرنا ایپ کے ذریعے نکلوانا ہوگا، پرمٹ کے بغیر عمرہ کی اجازت نہیں ہوگی۔