فلاڈیلفیا: امریکی ریاست پنسلوینیا میں گھر میں آتشزدگی کے نتیجے میں 3 بچوں سمیت 10 افراد ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق گھر میں آتشزدگی کا واقعہ امریکی ریاست پنسلوینیا میں جمعہ کے روز رات تین بجے پیش آیا، جہاں گھر میں لگنے والی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
انتظامیہ کے مطابق ریسکیو حکام کو واقعے کی اطلاع متاثرہ فیملی کے پڑوسی نے دی جس پر عملے نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا تاہم اس سے قبل ہی گھر میں موجود 10 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ گھر میں موجود ایک ہی خاندان کے 3 بچوں سمیت 10 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ تین افراد کو زندہ بچالیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں تاہم اب تک آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے۔
آگ بجھانے کیلئے آنے والے فائر فائٹرز میں موجود ہیرلڈ بیکر نے میڈیا کو بتایا کہ حادثے میں ہلاک ہونے والے تمام افراد اس کے فیملی ممبرز تھے، انہوں نے کہا کہ حادثے میں میرا بیٹا، بیٹی، تین پوتے پوتیں سمیت دیگر خاندان کے افراد شامل ہیں۔