چین نے امریکا سے متعدد معاملات پر تعاون ختم کرنیکا اعلان کردیا

چین نے امریکی ایوان نمائندگان اسپیکر نینسی پیلوسی کے تائیوان کے دورے کے بعد امریکا سے متعدد معاملات پر تعاون ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چین نے رواں ہفتے امریکی ایوان نمائندگان اسپیکر نینسی پیلوسی کے تائیوان کے دورے کے بعد امریکا سے متعدد معاملات پر تعاون ختم کرنے کا اعلان کرتے واشنگٹن کے ساتھ متعدد دفاعی نوعیت سے متعلق اجلاس سمیت اہم موسمیاتی مذاکرات کو معطل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق چین کی وزارت خارجہ نے تائیوان کے دورے پر نینسی پیلوسی کے ’چین کی سخت مخالفت‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بیجنگ چین اور امریکا موسمیاتی تبدیلی کے مذاکرات کو معطل کر دے گا۔ اس کے ساتھ ہی بیجنگ اور واشنگٹن کے عسکری رہنماؤں کے درمیان ملاقات کے ساتھ دو سیکیورٹی اجلاس کا منصوبہ بھی ختم کردیا جائے گا۔

چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ وہ غیر قانونی تارکین وطن کی وطن واپسی، عدالتی مدد اور بین الاقوامی جرائم کے ساتھ انسداد منشیات کی کارروائی پر واشنگٹن کے ساتھ تعاون معطل کررہا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل چین نے نینسی پیلوسی اور اس کے خاندان پر غیر متعینہ پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق پابندی کا فیصلہ عوامی جمہوریہ چین کے قوانین کے مطابق کیا گیا ہے۔