واشنگٹن:امریکی ایوان نے مہنگائی پر قابو پانے کے لیے 430ارب ڈالر کے ایک بڑے مالی بل کو منظور کر لیا، جس کی صدر جو بائیڈن شدت سے حمایت کر رہے تھے۔
امریکی کانگریس کے منظور شدہ بل میں موسمیاتی تبدیلی اور صحت کی دیکھ بھال کے حوالے سے بڑے اخراجات شامل ہیں۔
یہ قانون سازی صدر جو بائیڈن کے ایجنڈے کے لیے بھی ایک بڑی فتح ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق اس بل میں صاف آب و ہوا، ٹیکس اور صحت کی دیکھ بھال سے متعلق کئی اہم اقدامات بھی شامل ہیں، اور اسے گلوبل وارمنگ سے نمٹنے کے لیے اب تک کی سب سے بڑی امریکی سرمایہ کاری بھی کہا جا رہا ہے۔
مقصد یہ ہے کہ توانائی اور صحت کی دیکھ بھال کے اخراجات میں کمی کر کے عوام کو کسی طرح مہنگائی سے نجات دی جا سکے۔
صدر جو بائیڈن نے اس بل کی منظوری کے فوری بعد اپنی ایک ٹویٹ میں کہاکہ آج، امریکی عوام جیت گئے اور خصوصی مفادات کی شکست ہوئی۔
سینکڑوں ارب ڈالر کے اس بل کو سینیٹ نے بھی منظور کر لیا ہے اور اب اس پر صدر جو بائیڈن کے دستخط ہونے ہیں اور اس طرح یہ جلد ہی باضابطہ قانونی شکل اختیار کر لے گا۔