روس نے یوکرین پر جوہری ہتھیار وں کے استعمال کا امکان مسترد کر دیا ہے۔
روسی وزارت دفاع نے یوکرین جنگ میں روس کی جانب سے جوہری اور کیمیائی ہتھیاروں کے امکانی استعمال کے حوالے سے چلنے والی تمام خبروں کو جھوٹا اور بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔
ماسکو میں عالمی سکیورٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے روسی وزیر دفاع نے کہا کہ روس کو یوکرین میں جوہری ہتھیار استعمال کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے، فوجی نقطہ نظر سے بھی یوکرین میں مطلوبہ اہداف حاصل کرنے کیلئے جوہری ہتھیار استعمال کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا میں روس کی جانب سے یوکرین پراسپیشل ملٹری آپریشن کے ذریعے جوہری ہتھیاروں یا کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی تیاری کے حوالے سے چلنے والی خبریں بے بنیاد اور جھوٹی ہیں، یہ روس پر معلوماتی حملہ ہے۔
انہوں نے امریکا اور روس کے درمیان جوہری ہتھیاروں کی روک تھام کے معاملے پر ہونے والی ’’نیو اسٹارٹ ٹریٹی’’ کے حوالے سے کہا کہ معاہدے میں توسیع کے حوالے سے مذاکرات دو طرفہ راستہ ہیں، اور اب اس معاہدے پر مشکلات کے بادل منڈلا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خطرناک تزویراتی ہتھیاروں کی روکتھام کا معاہدہ مشکلات کا شکار ہو جائے گا کیوں کہ اس پر 2026 تک عملدرآمد کیا جائے گیا، روس کی طرف سے اس معاہدے کے تحت تمام ذمہ داریاں پوری کی گئی ہیں اور جنگی ہتھیاروں کی تعداد طے شدہ حدود کے اندر رکھی گئی ہے۔