نیویارک: پاکستان کے خلاف ٹوئٹر مہم کے تانے بانے کُھلنے لگے۔
ٹوئٹر کے سابق سیکورٹی چیف نے ہندوستان اور ٹوئٹر انتظامیہ کی ملی بھگت کا بھانڈہ پھوڑ دیا۔
بھارتی حکومت نے ٹوئٹر انتظامیہ کو مجبور کیا کہ وہ بھارتی ایجنٹ پے رول پر رکھے۔ ٹوئٹر کے سابق سیکورٹی چیف نے یہ معاملہ امریکی ریگولیٹرز کے سامنے اُٹھا دیا۔
ٹوئٹر کے سابق سکیورٹی چیف پیٹر میج زیٹکو نے امریکی سکیورٹی اور ایکسچینج کمیشن کے سامنے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی حکومت نے ٹوئٹر میں اپنے سرکاری ایجنٹ کو پے رول پر بھرتی کرنے پر مجبور کیا۔
ٹوئٹر کے سابق سکیورٹی چیف پیٹر میج زیٹکو نے امریکی سکیورٹی اور ایکسچینج کمیشن کے سامنے ٹوئٹر کے دیگر سکیورٹی مسائل کے ساتھ اس بات کا انکشاف کیا کہ بھارتی حکومت کی جانب سے ٹوئٹر میں اپنا سرکاری ایجنٹ بھرتی کرنے پر مجبور کیا گیا تھا۔ اس معاہدے کے تحت ہندوستان کو حساس User Data (صارفین کی معلومات) تک رسائی حاصل ہو گئی۔
پیٹر میج زیٹکو نے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن میں وسل بلوئر رپورٹ دائر کرتے ہوئے کہا کہ ٹوئٹر کی سیکیورٹی پالیسی انتہائی کمزور ہے جس میں بھارت مداخلت کررہا ہے۔
ٹوئٹر انتظامیہ نے بھی اِس بات کی تصدیق کر دی۔ ٹوئٹر انتظامیہ ہندوستان کے خلاف ایک قانونی جنگ لڑ رہی ہے اور اس کا مؤقف ہے کہ ہندوستان ٹوئٹر پر غیر قانونی اقدامات اور Content (مواد) میں ملوث ہے۔
سی این این کے مطابق ٹوئٹر کے سیکورٹی چیف کے یہ انکشافات اور ٹوئٹر کی غفلت اور جان بوجھ کر اِن کوتاہیوں سے پہلو تہی قومی سلامتی اور جمہوریت کے لیے بہت بڑا خطرہ ہے۔
وقت آ گیا ہے کہ پاکستان میں بھی اداروں کے خلاف چلائی جانے والی منظم مہم کے کرداروں کو انجام تک پہنچایا جائے۔ اگر امریکہ جیسا ملک اِسے قومی سلامتی اور جمہوریت کے لیے خطرہ سمجھتا ہے تو پاکستان کو بھی اِس حوالے سے اہم اقدامات کرنا ہونگے۔
واضح رہے کہ کچھ عرصے قبل ٹوئٹر پر پاکستان کیخلاف پراسرار مہم چل رہی تھی۔ نہ صرف پاکستانی اکاؤنٹس بلاک ہورہے تھے بلکہ ہر وہ ایک اکاؤنٹ بند کیا جارہا تھا جو بھارتی حکومت کیخلاف کوئی بات کرتا تھا۔
بھارت کی جانب سے پاکستانی سفارت خانوں کے آفیشل اکاؤنٹس بلاک کرنے کے انکشاف پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے معاملے کو ٹویٹر کے ساتھ اٹھایا ہے۔