شہزادی ڈیانا اپنی موت سے چند ہفتے پہلے برطانیہ کو چھوڑ کر امریکا منتقل ہونے کی منصوبہ بندی کر رہی تھیں۔
یہ دعویٰ شہزادی ڈیانا کے ایک سابق باڈی گارڈ نے اپنی سوانح حیات میں کیا۔
لی سان سم نے اپنی کتاب ' پروٹیکٹنگ ڈیانا: اے باڈی گارڈ اسٹوری ' میں بتایا کہ جولائی 1997 میں St. Tropez میں اپنے بوائے فرینڈ دودی الفائد اور بیٹوں کے ساتھ تعطیلات مناتے ہوئے شہزادی ڈیانا نے امریکا منتقل ہونے کے منصوبے کے بارے میں بتایا تاکہ ان کے بیٹے ولیم اور ہیری کو میڈیا سے تحفظ مل سکے۔
کتاب میں بتایا گیا کہ ' میڈیا شہزادی کی زندگی کے ہر پہلو میں مداخلت کر رہا تھا اور انہوں نے مجھ سے کہا کہ برطانیہ میں میرے کرنے کے لیے کچھ نہیں، میں جو بھی کروں اخبارات نے مجھ پر حملے کرنے ہیں '۔
انہوں نے مجھے بتایا کہ ' میں امریکا منتقل ہوکر وہاں زندگی گزارنا چاہتی ہوں تاکہ یہاں کے معاملات سے دور رہ سکوں، کم از کم امریکا میں لوگ مجھے چاہتے ہیں اور مجھے اکیلا چھوڑ دیں گے '۔
وہ اپنے بیٹوں کے بغیر امریکا منتقل ہونا چاہتی تھیں اور باڈی گارڈ کے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ کبھی اپنے بیٹوں کو شاہی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہونے کی اجازت نہیں دیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ ممکنہ طور پر اپنے بیٹوں سے اسکولوں کی تعطیلات کے دوران ملا کریں گی۔
کتاب کے مطابق شہزادی ڈیانا کو اپنے بیٹوں کو میڈیا کے وجہ سے چھوڑ کر جانا چاہتی تھیں جو ان کی زندگی کے ہر پل میں مداخلت کر رہا تھا۔
شہزادی ڈیانا نے فیصلہ کیا تھا کہ وہ میڈیا کو برطانیہ چھوڑنے کے بارے میں بتا دیں گی۔
لی سان سم کے مطابق انہوں نے شہزادی ڈیانا کو کہا کہ ' اگر انہوں نے ایسا کیا تو ان اردگرد صحافیوں کی تعداد میں 10 گنا اضافہ ہوسکتا ہے '۔
کتاب کے مطابق شہزادی ایک دن اس بارے میں میڈیا سے بات کرنے بھی گئی تھیں مگر پھر انہوں نے امریکا منتقل ہونے کی بات نہیں کی۔
یاد رہےکہ31 اگست 1997 میں لیڈی ڈیانا پیرس میں ایک کار حادثے میں انتقال کرگئیں تھیں۔