پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن خیبرپختونخوا اسمبلی سلطان محمد خان نے خاندان اور ساتھیوں سمیت عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
چارسدہ میں ایم پی اے سلطان محمد خان کی اے این پی میں میں شمولیت کی تقریب ہوئی جس میں ایمل ولی خان نے پارٹی میں شامل ہونے والوں کو لال ٹوپی پہنا کر خوش آمدید کہا۔
اس موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلطان محمد کا کہنا تھاکہ میرے پورے خاندان نے اے این پی میں شمولیت کا اعلان کیا ہے اور این اے 24 پر ایمل ولی خان کو مکمل سپورٹ کرینگے۔
ان کا کہنا تھاکہ خاندان کے بزرگوں کی خواہش تھی کہ ہم ایک پلیٹ فارم پر ہوں، باچا خان بابا کی تحریک معاشرے کو ٹھیک کرنے اور قوم کو بیدار کرنے کی تھی، ایمل ولی خان میں ان کے بزرگوں کی تمام خوبیاں نظر آتی ہیں۔
خیال رہے کہ سلطان محمد خان خیبرپختونخوا اسمبلی کی نشست پی کے 58 چارسدہ سے تحریک انصاف کے ٹکٹ پر رکن اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پی ٹی آئی کے رکن خیبرپختونخوا اسمبلی محمد فہیم نے بھی پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔