نارتھ کیرولینا: سمندری مچھلی مینٹا رے سے متاثر ہوکر ایک نرم (سافٹ) روبوٹ بنایا گیا ہے جو اب تک بنائے جانے والے تمام تیرنے والے نرم روبوٹ سے چار گنا زائد رفتار سے تیرسکتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ نارتھ کیرولینا اسٹیٹ یونیورسٹی کا یہ روبوٹ بہت ہی کم توانائی صرف کرتا ہے اور اسے ’بٹرفلائی بوٹس‘ کا نام دیا گیا ہے۔ کیونکہ یہ عین اسی طرح تیرتا ہے جس طرح ماہرتیراک بٹرفلائی اسٹروک میں تیرتے ہیں۔ اس سے قبل بنائے گئے نرم روبوٹ فی سیکنڈ اپنی جسامت کے برابر ہی سفر کرنے کے قابل تھے۔ تاہم اس کے کئی پہلو بہتر بنا کر مؤثر ترین روبوٹ بنایا گیا ہے جو اس کے اولین نمونے (پروٹوٹائپ) سے بھی ثابت ہے۔
تجرباتی طور پر اس روبوٹ نے ایک سیکنڈ میں اپنی جسامت سے 3.74 گنا فاصلہ طے کیا اور بہت متحرک انداز میں دائیں اور بائیں گھومنے کی صلاحیت کا حامل تھا۔ دوسری جانب یہ اس کام میں بہت ہی کم توانائی خرچ کرتا تھا جس کی سب سے بڑی وجہ اس کے پروں کی ساخت ہے جو دو مستحکم پوزیشن میں کام کرتے ہیں اور بالوں میں لگائے جانے والے کلپ کےانداز میں عمل کرتےہیں۔ اسے ہلکی توانئی دی جائے تو وہ مستحکم رہے گا اور توانائی بڑھنے پر اس کے پر کھل کر پھیل جاتے ہیں۔
پانی میں یہ عین اسی طرح تیرتا ہے جس طرح تیراک بٹرفلائی اسٹروک میں تیرتے ہیں۔ لیکن واضح رہے کہ اس سے قبل ماہر نے اس کے کئی ماڈل بنائے جو بار بار ناکام ہوئے تھے۔ پھر مزید تحقیق اور ڈیزائن میں تبدیلی کے بعد اسے تیار کیا گیا تھا۔