ٹوئٹر کے نئے مالک ایلون مسک نے میٹا کی زیرملکیت میسجنگ ایپ واٹس ایپ کو سخت ٹکر دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایک نئی رپورٹ کے مطابق ایلون مسک کی جانب سے ڈائریکٹ میسجز (ڈی ایم) کو اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اسی طرح وہ ٹوئٹر میں انکرپٹڈ ویڈیو اور وائس کالنگ کے فیچرز بھی متعارف کرانا چاہتے ہیں۔
ایلون مسک نے یہ ہدایت ٹوئٹر ملازمین کے ساتھ کی جانے والی ایک میٹنگ کے دوران کی۔
21 نومبر کو میٹنگ کے دوران ٹوئٹر 2.0 کے نام سے سلائیڈز پیش کی گئی تھیں۔
اس موقع پر ایلون مسک نے کہا کہ صارفین ایسے میسجز اور کمیونیکیشن سروسز چاہتے ہیں جن تک کسی کو رسائی حاصل نہ ہو تاکہ ان کی پرائیویسی محفوظ رہ سکے۔
ٹوئٹر نے کچھ عرصے قبل ڈائریکٹ میسجز کو انکرپٹڈ بنانے پر کام شروع کیا تھا مگر پھر اسے روک دیا تھا۔
مگر ایلون مسک اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کو کمپنی کی اولین ترجیح بنانا چاہتے ہیں۔
ایلون مسک نے میٹنگ کے دوران کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ٹوئٹر 2.0 میں کوئی بھی کسی صارف کے ڈی ایم تک رسائی حاصل نہ کرسکے، چاہے کوئی ان کے سر پر گن ہی کیوں نہ رکھ دے۔
انہوں نے کہا کہ ڈی ایم میں ہی وائس اور ویڈیو چیٹس کے فیچرز کا اضافہ بھی ہونا چاہیے جو اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ ہوں۔
میٹنگ کے دوران ایلون مسک نے انکرپٹڈ میسجنگ ایپ سگنل کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ سگنل کے بانی بھی ڈی ایم کو انکرپٹڈ بنانے کے لیے ٹوئٹر کی مدد کریں۔