لنکڈان دنیا کی مقبول ترین سماجی رابطے کی ویب سائٹس میں سے ایک ہے اور اب اس میں ایک بڑی تبدیلی کی گئی ہے۔
مائیکرو سافٹ کے زیرملکیت سوشل میڈیا نیٹ ورک میں صارفین اب اپنی پوسٹس کو شیڈول کرسکیں گے۔
اس فیچر کی آزمائش کئی ماہ سے کی جارہی تھی اور اب اسے صارفین کے لیے متعارف کرانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
یہ فیچر اینڈرائیڈ موبائل ایپ اور لنکڈان ویب سائٹ دونوں پر کام کرے گا، البتہ فی الحال آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے متعارف نہیں کرایا گیا۔
جن افراد کو یہ فیچر دستیاب ہے وہ میسج کمپوز باکس میں اپنا پیغام لکھنے کے بعد پوسٹ بٹن کے برابر میں موجود کلاک آئیکون پر کلک کرکے اسے استعمال کرسکتے ہیں۔
اس کلاک آئیکون پر کلک کرنے پر تاریخ اور وقت کے آپشن سامنے آجائیں گے تاکہ صارف اپنی پسند کے وقت اور تاریخ کے لیے پوسٹ کو شیڈول کرسکے۔
حیران کن طور پر اب تک لنکڈان میں یہ فیچر موجود نہیں تھا حالانکہ اسے استعمال کرنے والے افراد کی تعداد 87 کروڑ سے زیادہ ہے۔
فیس بک اور ٹوئٹر پر یہ فیچر پہلے سے موجود ہے جبکہ جی میل میں بھی ای میلز کو شیڈول کرنا ممکن ہے۔